پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، سیاسی اسیران کے حق میں متفقہ قرارداد منظور

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، سیاسی اسیران کے حق میں متفقہ قرارداد منظور

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سیاسی اسیران کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی۔

 اجلاس میں قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی اور قرارداد میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی اسیران کے فوری اور انصاف پر مبنی حقوق کی ضمانت دینے پر زور دیا گیا۔قرارداد کے مطابق بے بنیاد مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں، بانی کے خاندان کے تعلقات اور ملاقاتیں بحال ہوں، اور بانی کی سیاسی ملاقاتوں اور رابطوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ سیاسی اسیران کے ساتھ قانونی برابری اور انصاف کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے قائدین کے دورۂ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومتِ پنجاب کے کارکنان کی طرف سے لاٹھی چارج اور پولیس کی مداخلت کی مذمت کی۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے پر ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی دی گئی۔

قرارداد میں سندھ حکومت کی طرف سے دورے کے دوران رکاوٹیں ڈالنے کی مذمت کی گئی اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے بلائے گئے امن جرگے کے اعلامیے پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں، عمر ایوب، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، لطیف چترالی، احمد چھٹہ، بلال اعجاز احسان ورک، رانا فراز نون، رائے حیدر علی، رائے حسن نواز اور جمشید دستی کو اجلاس میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔پی ٹی آئی نے ملک کے موجودہ نازک سیاسی حالات کے تناظر میں جمہوری قوتوں سے نئے میثاقِ جمہوریت پر اتفاق، الیکشن کمیشن کی تمام فریقین کے لیے قابل قبول تشکیل، اور شفاف، آزاد و منصفانہ نئے انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔