گلگت بلتستان اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع

گلگت بلتستان اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع

گلگت بلتستان اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسوب پاک فوج کے شہداء سے متعلق بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔

استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رکن اسمبلی محمد علی کی جانب سے قرارداد گلگت بلتستان اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی، جس میں مولانا فضل الرحمان سے منسوب بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بیان سے پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں، ان کے اہل خانہ کے جذبات اور پوری پاکستانی قوم کے احساسات مجروح ہوئے ہیں۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شہداء نے وطن کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہر صورت میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے شہداء سمیت تمام مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور بیرونی جارحیت کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر ملک کی سلامتی، دفاع اور امن کو یقینی بنایا۔

ایوان میں جمع کرائی گئی قرارداد میں تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے صبر، حوصلے اور ایثار کو بھی سراہا گیا ہے۔قرارداد میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، عوامی نمائندوں اور قومی رہنماؤں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تقاریر اور بیانات میں ذمہ داری، احتیاط اور قومی مفاد کو مقدم رکھیں، اور ایسے الفاظ یا بیانات سے گریز کریں جو قومی یکجہتی یا شہداء کے احترام کو متاثر کریں۔قرارداد میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کو ہر سطح پر سراہا جائے گا، جبکہ شہداء کی قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔