محکمہ اوقاف : 42 سکیموں پر مشتمل ترقیاتی پروگرام تشکیل

5ارب کا ترقیاتی منصوبہ، مزارات و مساجد کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ہوگا: سیکرٹری 
لاہور (خصوصی رپورٹ) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریشن اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے 42سکیموں پر مشتمل پانچ ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کی تشکیل کے سلسلے میں ایوان ِ اوقاف میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پانچ ارب کا ترقیاتی منصوبہ، مزارات و مساجد کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے صوفیا کی خانقاہوں کوسوسائٹی کا مرکز ماننا پڑے گا۔ ترقیاتی کام مقررہ معیار اور میعاد میں مکمل کر دئیے۔بہترین پلاننگ اورجامع حکمت عملی سے ’’ماڈل شرائنز‘‘کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ز اوقاف آصف اعجاز، حافظ محمد یوسف، عظیم حیات، ایاز حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امورحافظ محمد جاوید شوکت اور سیکشن آفیسر اوقاف امجد صدیق سمیت محکمہ کے دیگر افسر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف نے سالانہ ترقیاتی پروگرام2025-26اوروقف مزارات و مساجد پر جاری ترقیاتی و تعمیر اتی کاموں کے لیے رواں مالی سال کے جاری فنڈز کی یوٹیلائزیشن اور ترقیاتی سکیموں کے متعلق بریفنگ دی۔