امریکی پروفیسر نے ارناب گوسوامی کے شو کو شور شرابے اور بکواس قرار دے دیا

امریکی پروفیسر نے ارناب گوسوامی کے شو کو شور شرابے اور بکواس قرار دے دیا

امریکا کی معروف پروفیسر اور سیکیورٹی امور کی ماہر کرسٹین فیئر نے بھارتی ٹی وی کے متنازع اینکر ارناب گوسوامی کے شو سے اچانک اپنی شرکت ختم کر دی ہے۔

 جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی پروفیسر نے اپنے سابقہ ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شو کے "جنگجو اور شور شرابے بھرے" ماحول کو برداشت نہیں کر سکیں۔کرسٹین فیئر نے لکھا کہ "جب ہر کوئی صرف چیخ رہا ہو اور معقول گفتگو کا کوئی امکان نہ ہو، تو ایسے شو میں بیٹھنے کے بجائے دنیا میں کرنے کے لیے بہت سی اہم چیزیں موجود ہیں۔" ان کا یہ بیان بھارتی ٹی وی پر عام شور و غوغا اور غیر معقول مباحثوں پر ایک سخت تنقید ہے۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب بھارتی میڈیا میں خاص طور پر ارناب گوسوامی کے شو کو تنقید کا سامنا ہے کہ وہ بحث و مباحثے کو بجائے گہرائی سے سمجھنے کے، صرف شور و غل اور جذباتی ردعمل کا مرکز بنا دیتا ہے۔ کرسٹین فیئر کا یہ اقدام اس غیر تعمیری میڈیا کلچر کے خلاف ایک احتجاج سمجھا جا رہا ہے جو معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لیتا بلکہ بحث کو جذباتی اور ہنگامہ خیز بنا دیتا ہے۔

کرسٹین فیئر کا یہ فیصلہ میڈیا کی اس صورتحال پر عالمی سطح پر سوالات اٹھانے کا باعث بن سکتا ہے، جہاں تنقید اور معقول بحث کی بجائے محض شور و غوغا کو ترجیح دی جاتی ہے۔