اسلام آباد: امریکی دفاعی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے بھارتی دعوؤں کو "بکواس" قرار دے دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی طیارے مار گرانے کی تصدیق کردی
بھارتی میڈیا اور حکومتی ذرائع کی جانب سے پاکستان کے خلاف فضائی کارروائیوں کے دعوؤں کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ معروف امریکی دفاعی و سیکیورٹی تجزیہ کار کرسٹین فیئر نے ایک بھارتی ٹی وی چینل پر براہ راست گفتگو کے دوران ان دعوؤں کو مکمل طور پر "بے بنیاد اور بکواس" قرار دے دیا۔کرسٹین فیئر نے بھارتی اینکر کے سوال پر صاف کہا کہ بھارت کی طرف سے یہ دعویٰ کہ اس نے پاکستانی طیارے مار گرائے اور 20 فیصد ایئرفیلڈز کو تباہ کیا، کسی عالمی ادارے یا آزاد ذرائع سے تصدیق شدہ نہیں ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے غیر پیشہ ورانہ اور پروپیگنڈا پر مبنی قرار دیا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ایئرفورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارت کے 5 نہیں بلکہ 6 جنگی طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ "جو بھی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا، ہم اس کا بے رحم اور فیصلہ کن جواب دیں گے۔"اسی تناظر میں پاکستان ائیرفورس کے ائروائس مارشل اورنگزیب احمد سوشل میڈیا اور سرچ انجنز پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکے ہیں۔ گوگل ٹرینڈز کے مطابق وہ اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت ہیں، جو قوم کے اعتماد اور جوش و خروش کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے قوم سے اتحاد و یگانگت کے ساتھ ملک کا دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ ماہرین نے بھی موجودہ حالات میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔