ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کر دیں اور بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیراعظم نے واقعے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے تمام حدیں عبور کیں اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کے مستقبل یعنی ننھے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پوری قوم دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جانب سے اسکول بس پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے 3 معصوم بچوں سمیت 5 افراد کی شہادت پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ اسکول جانے والے معصوم بچوں پر حملہ انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت میں ملوث ہے اور ان دہشت گردوں کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ دہشت گرد تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن بھی ہیں، جو اس صوبے کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔