خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر کے دوران دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 12 بہادر جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
باجوڑ آپریشن
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع باجوڑ میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج مارے گئے۔
جنوبی وزیرستان آپریشن
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی۔ اس آپریشن میں مزید 13 دہشت گرد انجام کو پہنچے، تاہم لڑائی کے دوران 12 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
دہشت گردوں سے برآمدگی
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
افغان سرزمین کا استعمال
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ان کارروائیوں میں افغان شہری بھی براہِ راست ملوث تھے جبکہ افغان سرزمین بدستور پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
عزم اور قربانیاں
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ اس وقت علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔