صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ چار روز میں 50 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی مہارت، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سمبازا، پاک افغان سرحد پر خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 47 اور پھر مزید 3 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کرنا فورسز کے عزم اور قابلیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان شب و روز وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف ہیں، اور پوری قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے غیر متزلزل عزم میں قوم اور افواج پاکستان ایک ساتھ کھڑے ہیں۔