ویب ڈیسک: ضلع بنوں کی نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی دروازے کو بارودی مواد سے اڑایا، جس کے بعد اندر داخل ہو کر شدید فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے دوران قریبی دکانوں کے شیشے اور شمسی پلیٹیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ پولیس چوکی میں نصب بجلی کا ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا، جس کے باعث نیو سبزی منڈی کی بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی اور چوکی میں تباہی مچی۔ بنوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس چوتھے روز بھی بند ہے جس کی وجہ سے مقامی صحافیوں کو رپورٹنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ حملے کے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر ضلع بھر میں گہرے دکھ اور غم کا سماں ہے، اور سیکورٹی فورسز نے چوکی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کر دیے ہیں۔