ہیلی کاپٹر حادثہ: پشاور سے باجوڑ جاتے ہوئے 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، رپورٹ جاری

ہیلی کاپٹر حادثہ: پشاور سے باجوڑ جاتے ہوئے 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، رپورٹ جاری

ویب ڈیسک: پشاور سے باجوڑ جانے والے سرکاری ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 5 عملے کے ارکان جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک فلائٹ انجنیئر، ایک کریو چیف اور ایک ٹیکنیشن بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر تقریباً 8 ہزار فٹ بلند پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ ہیلی کاپٹر صبح 10 بج کر 30 منٹ پر پشاور سے باجوڑ کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم دوپہر 12 بجے کے قریب اس کا زمینی اسٹیشن سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد شام 4 بجے ہیلی کاپٹر کا ملبہ دریافت کیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جائے حادثہ کے اطراف کسی قسم کی آبادی موجود نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔