لاہور: دھرمپورہ کنال روڈ پر تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل کے درمیان ہونے والے افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق حادثہ اتوار کی شام پیش آیا، جب ایک تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ تصادم کے نتیجے میں 26 سالہ غلام مصطفی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرا نوجوان شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد فراہم کی اور نعش کو اسپتال منتقل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کار بہت زیادہ تیز رفتاری سے آ رہی تھی اور ڈرائیور غالباً گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد کنال روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔متوفی غلام مصطفی کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر رفتار کی حد کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔