جو صنعتیں خسارے میں ہیں ان کی نجکاری کی جائے، معاون خصوصی صنعت و پیداوار کی گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ اگر ہمیں ریونیو بڑھانا ہے تو صنعتوں کو فعال کرنا پڑے گا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ پاکستان کے لیے سب سے بڑا سورس آف ریونیو انڈسٹری ہے، اگر ہمیں ریونیو بڑھانا ہے تو صنعتوں کو فعال کرنا پڑے گا، جو صنعتیں خسارے میں ہیں ان کی نجکاری کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے ریٹ بہت زیادہ بڑھ چکے ہیں، انڈسٹریز کو چلانے کے لیے قرضے چاہیے ہوتے ہیں،اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق اس میں کمی آئی ہے جب کہ ملک میں کاسٹ آف ڈیوئنگ بزنس بڑھ گئی ہے۔ہارون اختر کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعت کا شعبہ سکڑ رہا ہے، ملک کی ایکسپورٹ بڑھانے اور امپورٹس کم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستانی بینکاری نظام کا بڑا حصہ حکومت چلانے پر جارہا ہے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے مگر بجلی کے ٹیرف انتہائی پیچیدہ معاملہ ہے، سولرکا استعمال بڑھنے سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی کھپت کم ہوجاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف وار کافی حد تک ختم ہوچکی ہے، میرے خیال میں امریکا پاکستان کے ساتھ فری ٹریڈ پالیسی کے لیے تیار ہے۔