پاک۔امریکہ اقتصادی تعلقات میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے، رضوان سعید شیخ
واشنگٹن(آئی این پی) سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں اشتراکِ عمل کے وسیع اور منافع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے ڈیلاس، ٹیکساس میں پاک۔امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے تکنیکی تعاون، سرمایہ کاری اور طویل مدت کاروباری ساجھے داریوں کے فروغ پر زور دیا۔ ایونٹ میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان کی بھرپور شرکت کی۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔امریکا اقتصادی تعلقات میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، تزویراتی اہمیت کی حامل ہے۔ امریکا عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز اور پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی برآمدی مارکیٹ ہے، جہاں ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت میں دو طرفہ باہمی اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا 60 فیصد سے اوپر آبادی 30 سال سے کم عمرنوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا قومی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ٹیک کانفرنس میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی تجربہ اور اپنے مخصوص شعبوں میں مسلمہ مہارت حاصل ہے ۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محض پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی کار کردگی اور صلاحیتوں کی نمائش نہیں بلکہ عالمی معیار کے عین مطابق بامعنی تجارتی روابِط کو استوار کرنا ہے۔سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو کاروباری روابط بڑھانے، پاکستان کو قابلِ اعتماد اور مسابقتی ٹیکنالوجی شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کرنے کی تاکید بھی کی۔