شہید کے اہلخْانہ کو ایک کروڑ ، شدید زخمیوںکو 20 لاکھ ،معمولی زخمی افراد کو 10 لاکھ ملیں گے
شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات، چیک کی تقسیم کے ثبوت اور تمام ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے:محکمہ داخلہ
لاہور(دانش منیر )حکومت پنجاب نے بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کیلئے امدادی فنڈز جاری کر دیئے۔وزیراعظم پاکستان نے امدادی پیکیج کی منظوری دی تھی، حکومت پنجاب نے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو فنڈز جاری کر دئیے۔فنڈز کو شہدا ، شدید زخمی اور معمولی زخمی کی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے، بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔بھارتی حملے سے شدید زخمی ہونے والے شہریوں کو 20 لاکھ جبکہ معمولی زخمی افراد کو 10 لاکھ روپے امداد ملے گی۔قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، مری، بہاولپور، بہاولنگر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سیالکوٹ، خانیوال، اوکاڑہ اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر امدادی رقوم کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوائیں گے۔ تقسیم سے قبل ہر مستحق کی اہلیت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ امدادی رقم صرف جائز حقداروں اور شہداء کے قانونی وارثین کو ہی فراہم کی جائے۔ کسی تیسرے فریق کو ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات، چیک کی تقسیم کے ثبوت اور تمام ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سوگوار خاندانوں اور متاثرین کی ذاتی معلومات کو مکمل رازداری کے ساتھ محفوظ بنایا جائے۔ فنڈز کی تقسیم محکمہ داخلہ کی فراہم کردہ حتمی فہرست کے مطابق ہوگی