شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا، دوران علاج 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے ، زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنیس آپریشن شروع کردیا

نوشکی : ایف سی کے قافلے پرخودکش حملہ، 3اہلکاروں سمیت7افراد شہید،متعدد زخمی  جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک 

 بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں،وزیر اعظم، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے،وزیر داخلہ ،نوشکی حملے کی مذمت، قوم کے پختہ عزم کو کم زور نہیں کیا جاسکتا،قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس 
 کوئٹہ ،اسلام آباد(آئی این پی )بلوچستان میں نوشکی دالبندین شاہراہ پر ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے میں 3ایف سی اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فور سز نے فوری جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد جہنم واصل کردئیے ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اتوار کی صبح ایف سی قافلے پر بارودی دھماکا اور خود کش حملہ کیا۔ خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکار اور 2 شہری شہید ہوگئے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی، ابتدائی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردئیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنیس آپریشن شروع کردیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہیگا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوشکی دالبندین شاہراہ پربس کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 35زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے نوشکی ہسپتال منتقل کیاگیا،شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔ ہسپتال میں دوران علاج 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی، زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایم ایس میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کم زور نہیں کیا جاسکتا۔