آرمی چیف فیلڈ مارشل بن گئے یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جسے نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم بھی قربان:فیلڈ مارشل عاصم منیر
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے،شہبازشریف نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباد دی
افواج پاکستان کے افسروں ‘جوانوں، غازیوں، شہدا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران خدمات کے اعتراف میں اعلی سرکاری ایوارڈ دیا جائیگا:وفاقی کابینہ
اسلام آباد (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی اعلی حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری)کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اس میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباد دی۔کابینہ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرآت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔وفاقی کابینہ نے کہا کہ آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔بیان کے مطابق ان کی شاندار عسکری قیادت، جرآت، اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیررانہ دفاع کے اعتراف میں جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیرِ اعظم کی تجویز کابینہ نے منظور کرلی۔وزیرِ اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔۔ وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان، غازیان، شہدا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلی سرکاری ایورڈز سے نوازا جائے گا۔دریں اثناء فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں، صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جسے نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے، قوم کا شکریہ۔علاوہ ازیںصدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نے عہدے میں ترقی پانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے فیلڈ مارشل کا عہدہ وفاع وطن کے لئے آ پ کی خدمات کا اعتراف ہے۔بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان کی مؤثر جوابی کاروائی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان تعریف کے مستحق ہیں۔ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہتی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالی نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔کی دفاع وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ معرکہ حق کے دوران آرمی چیف سے لے کر سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے ہر سپاہی نے دفاع وطن کیلئے دلیری سے اپنی خدمات سر انجام دیں۔