فیلڈ مارشل اور ایئر چیف مارشل کو مبارکباد، وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنائینگے شہبازشریف

قوم کی سلامتی کے محافظ کے طور پر ان کی قیادت نے ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح کی جانب رہنمائی کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا
ایئرچیف مارشل  کی مثالی قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے سات طیارے اور جدید میزائل ڈیفنس سسٹم تباہ کئے:وزیراعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم  نے لکھا قوم کی سلامتی کے محافظ کے طور پر ان کی قیادت نے ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح کی جانب رہنمائی کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ پاکستان کے عوام ہمیشہ جنگ کے دوران ان کی جرات مندانہ اور بہادرانہ قیادت کو یاد رکھیں گے، وہ قیادت جس نے مسلح افواج کو متحد کیا، پوری قوم کو ایک قیادت تلے جمع کیا، اور وطنِ عزیز کے لیے تاریخی کامیابی کو یقینی بنایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں توسیع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی مثالی قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے سات طیارے اور جدید میزائل ڈیفنس سسٹم تباہ کیے، اور پاکستان کی فضائی برتری کو مزید مضبوط کیا۔
 پاکستان کے تمام قومی ادارے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں، ہم مل کر اپنے وطن کے دفاع کو حقیقی معنوں میں ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔