معاہدہ امن کی بنیاد رکھے گا آصف زرداری خطے میں خوشحالی آئیگی راسحاق ڈار فیلڈ مارشل نے صلاحیتوں کا لوہامنوا لیامحسن نقوی

امریکہ ، ایران  مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہوں، پاکستان کو فخر ہے   مشکل دور میں مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کی‘دعا گو ہوں یہ کوششیں  خطے میں استحکام اور خوشحالی کا سبب بنیں:آصف علی زرداری
 دونوں ملکو ں کی قیادت کی طرف سے پاکستان پر کئے گئے اعتماد کو سراہتے ہیں،    جاری مذاکرات میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں:اسحاق ڈار‘خطے اور دنیا میں امن کے نئے امکانات پیدا ہوگئے ہیں:محسن نقوی
اسلام آباد(آئی این پی )صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے امریکہ اور ایران کے  درمیان مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔جاری   بیان کے مطابق صدر مملکت  نے کہا  امید ہے  یہ حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھے گی، پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے اس مشکل دور میں مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کی۔آصف علی زرداری کا کہنا  تھا  کہ یہ پیش رفت کثیرالجہتی تعاون مضبوط بنانے اور بات چیت سے تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا ہے  دعاگو ہوں کہ یہ کوششیں خطے اور دنیا میں مزید امن، استحکام اور خوشحالی کا سبب بنیں۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق  ڈار  نے  امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کا گرمجوشی  سے  خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاری مذاکرات میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، امید ہے کہ 19 جون کو جنیوا میں ہونیوالی باضابطہ دستخطی تقریب خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد بنے گی۔جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ اہم پیش رفت مسلسل سفارتی کوششوں اور دوست ممالک کے اس اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ تصادم کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت عالمی برادری کیلئے   بھی ایک حوصلہ افزا پیغام ہے، جو عالمی منڈیوں اور معیشت میں اعتماد اور استحکام کو فروغ دے گی، خصوصا ان ترقی پذیر ممالک کیلئے  جو علاقائی کشیدگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ امریکہ اور ایران کے درمیان اہم معاہدہ طے پانے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ عالمی امن، استحکام اور سفارتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور مسلسل سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں خطے اور دنیا میں امن کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔محسن نقوی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔