عائزہ خان نے بھارتی انڈسٹری میں کام کرنے کی ہامی بھر لی، نیا پروجیکٹ متوقع
پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے بھارتی انڈسٹری میں کام کرنے کی اپنی دلچسپی کا اشارہ دے دیا ہے۔ اداکارہ نے اپنی حالیہ انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک جہاز کے سفر کی تصویر شیئر کی اور "واٹس نیکسٹ" کے کیپشن کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے جھنڈوں کے درمیان ہاتھ ملانے والے ایموجیز کا استعمال کیا، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر بھارتی پروجیکٹ یا برانڈ کی تشہیر میں حصہ لینے والی ہیں۔اگرچہ عائزہ خان نے اس بات کی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، لیکن اس اسٹوری نے مداحوں میں یہ سوال پیدا کر دیا ہے کہ آیا وہ جلد بھارتی فلم انڈسٹری یا کسی پروجیکٹ کا حصہ بننے والی ہیں۔ اداکارہ نے اس کے ساتھ اپنے نئے ڈرامے "ہمراز" کی جھلکیاں بھی شیئر کیں، جس میں وہ زاہد احمد اور فیروز خان کے ساتھ نظر آئیں گی۔یاد رہے کہ عائزہ خان کو ماضی میں بھارت سے متعدد فلم آفرز ملی ہیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔