ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان سے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو اپنی آنے والی فلم میں مرکزی کردار دینے کی درخواست کردی۔
راکھی ساونت نے نہ صرف ہانیہ عامر کی اداکاری اور شخصیت کی تعریف کی بلکہ سلمان خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی سپر ہٹ قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے سلمان خان سے رابطہ کرکے انہیں ہانیہ عامر کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے اس سلسلے میں سلمان خان کو ای میل بھی کی اور فون پر بھی بات کی۔راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ سلمان خان کو دوسری اداکاراؤں کے بجائے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ ان کے خیال میں دونوں فنکاروں کی جوڑی پردۂ سیمیں پر انتہائی خوبصورت نظر آئے گی اور شائقین بھی انہیں ایک ساتھ دیکھنا پسند کریں گے۔
انہوں نے ہانیہ عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اداکارہ خوش مزاج اور شوخ طبیعت کی مالک ہیں۔ ان کی شخصیت میں ایک خاص کشش ہے جو انہیں دیگر اداکاراؤں سے منفرد بناتی ہے۔بھارتی اداکارہ نے سلمان خان اور ہانیہ عامر کی ممکنہ فلم کی کامیابی کے حوالے سے بھی بڑا دعویٰ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں فنکار ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آئے تو یہ فلم 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا بزنس کرسکتی ہے۔راکھی ساونت کے اس بیان کے بعد شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر سلمان خان اور ہانیہ عامر کی ممکنہ جوڑی کے حوالے سے دلچسپی پیدا ہوگئی ہے۔