بھارتی رکشہ ڈرائیور بھی ہانیہ عامر کا مداح، رکشے پر اداکارہ کی تصویر لگانے کی ویڈیو وائرل

بھارتی رکشہ ڈرائیور بھی ہانیہ عامر کا مداح، رکشے پر اداکارہ کی تصویر لگانے کی ویڈیو وائرل

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت سرحدوں کی پابند نہیں رہی، ان کے مداح بھارت میں بھی موجود ہیں۔

بھارتی آٹو رکشہ ڈرائیور نے اپنی پسندیدہ پاکستانی اداکارہ سے محبت کا انوکھا انداز اپناتے ہوئے رکشے کے پچھلے حصے پر ان کی تصویر آویزاں کردی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی رکشہ ڈرائیور نے اپنے آٹو رکشے کے پچھلے حصے پر ہانیہ عامر کی تصویر لگا رکھی ہے۔ رکشے پر پاکستانی اداکارہ کی تصویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران بھی ہوئے اور دلچسپ تبصرے بھی کرنے لگے۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے ہانیہ عامر کی سرحد پار مقبولیت پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کے مداح صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ بھارت میں بھی ان کی بڑی تعداد موجود ہے۔ بعض صارفین نے رکشہ ڈرائیور کے اس انداز کو اداکارہ کے لیے محبت اور پسندیدگی کا منفرد اظہار قرار دیا۔ایک سوشل میڈیا صارف نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے بازاروں اور دکانوں میں بالی ووڈ اداکاراؤں سری دیوی، مادھوری ڈکشٹ اور ریکھا کی تصاویر اور پوسٹرز عام نظر آتے تھے۔ آج اسی طرح بھارتی شہری بھی پاکستانی فنکاروں کو پسند کرتے اور ان کی تصاویر اپنے اردگرد لگاتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہانیہ عامر کا شمار پاکستان کی مقبول ترین ٹیلی وژن اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی بہترین اداکاری، خوبصورت شخصیت، خوش مزاجی اور سوشل میڈیا پر دلچسپ ویڈیوز کے ذریعے نہ صرف پاکستانی بلکہ بین الاقوامی مداحوں میں بھی اپنی پہچان بنائی ہے۔خصوصاً ڈراما سیریل ’میرے ہمسفر‘ میں ہالہ کے کردار نے ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ کیا۔ اس ڈرامے کو پاکستان کے ساتھ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی پسند کیا گیا، جس کے بعد ہانیہ عامر کی شہرت سرحد پار مزید پھیل گئی۔ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتی ہیں اور ان کی تصاویر، ویڈیوز اور مختلف سرگرمیاں اکثر زیرِ بحث رہتی ہیں۔ بھارتی مداح بھی مختلف مواقع پر ان کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔