غیر قانونی تعمیرات سربمہر کرنے کیلئے تالے ،زنجیریں ، سٹیکرزختم

رقم جاری نہ ہوسکی ،ڈی جی کاسخت نوٹس ، سامان خریدنے کیلئے میکنزم بنانے کاحکم 
لاہور (کرائم رپورٹر)ایل ڈی اے کے شعبہ ٹا ئون پلاننگ کی طرف سے کیے گئے آپریشنز پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا، آپریشنز میں استعمال ہونے والے تالے، زنجیریں اور سٹیکرز خود ٹا ئون پلاننگ کے افسران اور ملازمین کو خریدنے پڑ رہے ہیں۔ ایل ڈی اے کے شعبہ سی اینڈ آئی نے ٹا ئون پلاننگ کو کئی سالوں سے یہ سامان فراہم نہیں کیا، جس کے باعث سیلنگ آپریشن پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے شعبہ ٹا ئون پلاننگ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سربمہر کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن ان آپریشنز میں استعمال ہونے والے تالے، زنجیریں اور سٹیکرز خود ٹا ئون پلاننگ کے افسران اور ملازمین کو خریدنے پڑ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے شعبہ فنانس نے ٹا ئون پلاننگ کے لیے امپریسٹ رقم تو مقرر کی، لیکن وہ رقم تاحال جاری نہیں کی جا سکی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سٹیکرز، تالے اور زنجیروں کی خریداری کے لیے باضابطہ میکنزم بنانے کا حکم دے دیا ہے، تاکہ آئندہ تمام کارروائیاں سرکاری طریقہ کار کے مطابق کی جا سکیں۔