صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز کو آپریشن سے روکتی ہے تو حالات کی ذمہ داری بھی قبول کرے
پی ٹی آئی کا نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور (آن لائن) سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کا نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے، عمران خان نے بطور وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت سے انکار کیا تھا، عمران خان کے ساتھ افراتفری، انتشار اور گھیراؤ جلاؤ جیسی چند باتیں جڑی ہیں بس۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں، پاکستان کی افواج بہادر اور عوام ثابت قدم ہیں، پارلیمانی کمیٹی کی حیثیت کو کمزور کرنا قومی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ سیکیورٹی فورسز پر حملے ہو رہے ہیں، صورتحال تشویشناک ہے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، اتحاد وقت کی ضرورت ہے، صوبائی حکومتیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی گورننس میں بڑے پیمانے پر ریفارمز ناگزیر ہیں، اگر صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز کو آپریشن سے روکتی ہے تو حالات کی ذمہ داری بھی قبول کرے۔