گڈگورننس و سروس ڈلیوری کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات ناگزیر : سرفراز بگٹی

 ہماری ہر کوشش عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت انتظامی سیکرٹریز کا اجلاس
کوئٹہ(آئی این پی )وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات ناگزیر ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات ناگزیر ہیں، اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے، میرٹ پر فیصلے ہماری کامیابی کی کنجی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی ذمہ داری متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کی ہے، وفاقی و غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں سمیت تمام ترقیاتی سکیموں کی مستقل مانیٹرنگ ہوگی، گذشتہ مالی سال میں وسائل کا مکمل اور شفاف استعمال ایک تاریخی کارنامہ ہے، بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال نہ ہونے کا منفی تاثر ختم کیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، نظام کی بحالی اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے، درست جگہ پر اہل افراد کی تعیناتی سے کارکردگی بہتر ہوگی۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ہماری ہر کوشش عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے ہے، عوامی مسائل کے حل کے لئے فیلڈ افسران کی موجودگی ناگزیر ہے۔