پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن سے کھیل رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا اقدام عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو عالمی امن کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ایران کو عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور عالمی برادری کو اسرائیل کی جارحیت پر خاموشی ترک کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو اس نازک موقع پر یکجا ہو کر مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے پر سعودی عرب کا مؤقف قابل تحسین ہے جو امتِ مسلمہ کے جذبات کی صحیح ترجمانی کرتا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے مطالبہ کیا کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کا فوری طور پر سربراہی اجلاس بلایا جائے تاکہ عالمِ اسلام مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط اور متفقہ مؤقف سامنے لایا جا سکے۔حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ اگر عالم اسلام اب بھی خاموش رہا تو اسرائیل کی جارحانہ پالیسی مزید بگاڑ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات سے باز رکھیں۔