سندھ میں 3ہندو بچیوں کے اغواء کا معاملہ ایوان بالا میں پہنچ گیا:سینیٹر دنیش کمار کا واقعہ پر شدید احتجاج

اسلام آباد(آن لائن) سندھ میں تین ہندو بچیوں کے اغواء کا معاملہ ایوان بالا میں پہنچ گیا ،سینیٹر دنیش کمار کا واقعے پر شدید احتجاج ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ،ڈپٹی چیئرمین نے واقعے پر آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر دنیش کمار نے کہاکہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے شہداد پور میں تین ہندو بچیوں کو اغواء کیا گیا ہے اور اس کو زبردستی مسلمان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ سندھ میں اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین بھجی اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ہندو برادری پاکستان اور انڈیا کے جنگ کے موقع پر پاکستان کے ساتھ صفحہ اول پر کھڑی تھی، علمائے کرام سے درخواست کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی زبردستی مسلمان کرانا اسلام کی خدمت نہیں ہے ۔ ایک 11سالہ بچہ بھی اغواء ہے جسے اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ ہم سب کیلئے باعث شرم ہے ۔اس پر آئی جی سندھ کو طلب کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹریٹ کو آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔