اقلیتی برادری کے تاجروں سے درخواست کرتا ہوں مسلمانوں کیلئے سستے بازار لگائیں اور مسلمانوں کی خدمت کریں:سینیٹر
رمضان میں چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ڈیمانڈ اور سپلائی کی وجہ سے ہے، یہ مسلمانیت کا معاملہ نہیں، فنانس کا اصول ہے:ڈاکٹر افنان اللہ
اسلا م آباد(آئی این پی )سینیٹ اجلاس میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دنیش کمار نے رمضان المبارک کے مہینے میں اشیا کی قیمتیں بڑھا کر ناجائز منافع خوری کرنے والے مسلمانوں کو غیرت دلانے کی کوشش کی ہے۔ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، مسلمان بھائی رمضان کے دوران زیادہ منافع خوری شروع کردیتے ہیں۔سینیٹر دنیش نے کہا میں اقلیتی برادری کے تاجروں سے درخواست کرتا ہوں مسلمانوں کیلئے سستے بازار لگائیں، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگ مسلمانوں کی خدمت کریں، مجھے شرم آتی ہے اس صورتحال پر کہ مسلمان کیوں اتنی منافع خوری کرتے ہیں۔ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا رمضان میں چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی وجہ سے ہے، یہ مسلمانیت کا معاملہ نہیں، فنانس کا اصول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت چالیس ہزار خاندانوں کو 10ہزار روپے دے رہی ہے۔ندیم احمد بھٹو نے کہا کہ جب شیاطین بند ہوجاتے ہیں تو رمصان میں ناجائز منافع خوری کون کرتا ہے۔