اب ماں بچہ ہسپتال نہیں، چلڈرن ہسپتال بنے گا، صوبائی حکومت کا فیصلہ، ڈاکٹر حنا ستار پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر
راولپنڈی (آئی این پی )راولپنڈی میں 22سال تک زیر تکمیل رہنے والا ماں بچہ ہسپتال منصوبہ وفاق سے پنجاب کو منتقل کر دیا گیا ہے۔پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ماں بچہ ہسپتال نہیں بل کہ چلڈرن ہسپتال بنے گا۔رپورٹ کے مطابق منصوبے کو پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا۔پی سی ون بنانے کے لیے ڈاکٹر حنا ستار پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کر دی گئیں جبکہ وائس چانسلر یونی ورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور ڈاکٹر مسعود صادق کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ صوبائی حکومت نے 200بیڈ کا چلڈرن ہسپتال کم سے کم وقت میں فنکشنل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واولپنڈی میں اس وقت ایک بھی چلڈرن ہسپتال موجود نہیں ہے۔واضح رہے کہ ماں بچہ ہسپتال کا منصوبہ 2002میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت سے منظور کروایا تھا، 2002میں میونسپل کارپوریشن افسران کی رہائش گاہیں مسمار کرکے کام شروع کیا گیا۔ماں بچہ ہسپتال کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے رکھا جبکہ شوکت عزیز کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی منصوبے کا افتتاح کیا۔