لاہور میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام ناکہ جات پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ایس پی موبائلز بلال احمد نے مختلف ناکوں کے اچانک دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی موبائلز بلال احمد نے نیو راوی، ناکہ سگیاں، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف ناکوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ لی۔ایس پی بلال احمد نے ملکی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائلز اسکواڈ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناکہ جات پر مشکوک افراد، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے اور مورچوں میں اسلحے سمیت مستعد رہنے کی بھی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ایس پی موبائلز نے ناکوں سے گزرنے والے شہریوں سے گفتگو کرکے اہلکاروں کے رویے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے جوانوں کے ہمراہ ای پولیس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چیکنگ کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ایس پی بلال احمد نے ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ’’پہلے سلام، پھر کلام‘‘ کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی اقدامات پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔