بنکاک(آئی این پی )تھائی لینڈ میں ایک پالتو شیر نے بچے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے محکمہ جنگلی حیات کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ ہفتہ و اتوار کی درمیانی رات مغربی صوبے کانچنابوری میں پیش آیا، جو دارالحکومت بنکاک سے تقریبا 2 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق بچہ دیگر بچوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک شیر نے اس پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، اور پھر اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں شیر پالنا قانونی ہے، اور حالیہ برسوں میں قید میں رکھے گئے شیروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔