غزہ سٹی: غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈز کے شمالی یونٹ کے کمانڈر عزالدین البیک ہلاک ہوگئے۔
عزالدین البیک کی ہلاکت کی تصدیق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق عزالدین البیک نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران القسام بریگیڈز کے شمالی یونٹ کی کمان سنبھالی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ذمہ داری احمد الغندور کے بعد سنبھالی تھی۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملہ غزہ سٹی کے ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس میں حماس کے کمانڈر کو ہدف بنایا گیا۔ حملے کے بعد اسرائیلی قیادت نے ان کی ہلاکت کا اعلان کیا، جبکہ فلسطینی ذرائع نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران بھی اسرائیلی حملوں میں حماس سے وابستہ متعدد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جارہی ہیں، جبکہ حماس کی جانب سے عزالدین البیک کی ہلاکت پر تاحال کوئی تفصیلی باضابطہ بیان سامنے آنے کی اطلاع نہیں ہے۔فلسطینی ذرائع نے عزالدین البیک کو شمالی غزہ میں القسام بریگیڈز کا اہم کمانڈر قرار دیا ہے۔