لاہور ٹریفک پولیس نے خواتین کو بااختیار بنانے اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نجی یونیورسٹی کے تعاون سے رکشہ ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا۔
اس سلسلے میں بحریہ ٹاؤن اور مناواں ڈرائیونگ اسکولز میں 34 خواتین کو رکشہ چلانے کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد خواتین کو خودمختار بنانا اور انہیں روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین خود رکشہ چلا کر آمدن کما سکیں گی۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک پولیس خواتین کو صرف ڈرائیونگ کی تربیت فراہم نہیں کر رہی بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور معاشی خودمختاری حاصل کرنے کا موقع بھی دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں کار اور سکوٹی ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے 12 مراکز قائم ہیں، جہاں اب تک 16 ہزار سے زائد خواتین کو تربیت دی جا چکی ہے۔سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی اور سماجی ترقی کے لیے مردوں کے ساتھ خواتین کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔