یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دریائے دنیپرو پر واقع شمالی پل کو 3 اکتوبر کی صبح روسی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پل کی سڑک کی سطح اور ٹرالی بسوں کے اوورہیڈ بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق حملے کے بعد ہنگامی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور پل پر ٹریفک معطل کردی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔شمالی پل کیف کے دریائے دنیپرو کے دونوں کناروں کو ملانے والے اہم راستوں میں شامل ہے، جس کے متاثر ہونے سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔یہ واقعہ گزشتہ دو روز کے دوران کیف کے پلوں پر ہونے والے حملوں کے سلسلے کے بعد پیش آیا۔ یکم اور 2 اکتوبر کو جنوبی پل کو بھی متعدد ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد شہر میں آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔