کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو پھیپھڑوں میں موجود رسولی نکلوانے کے لیے منگل کو اسپتال میں داخل ہوں گے، جہاں ان کی سرجری کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 71 سالہ پوپ لیو کے پھیپھڑوں میں معمول کے طبی معائنے کے دوران ایک چھوٹی رسولی کی نشاندہی ہوئی تھی، جسے ابتدائی مرحلے میں دریافت کرلیا گیا۔ پوپ نے اتوار کو بتایا تھا کہ رسولی پھیپھڑوں کے محدود حصے تک ہے۔ویٹی کن کے مطابق پوپ لیو منگل کی صبح کے آخری حصے میں اسپتال منتقل ہوں گے، تاہم سرجری کے وقت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ان کی تمام عوامی تقریبات 20 اکتوبر تک منسوخ کردی گئی ہیں۔اسپتال میں داخل ہونے سے قبل پوپ لیو نے پیر کی صبح اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق سات ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ارجنٹینا، نکاراگوا اور امریکا سے تعلق رکھنے والے بشپ بھی شامل تھے۔روم میں ایک فلاحی ادارے کے ارکان سے ملاقات کے دوران پوپ لیو نے واضح آواز میں گفتگو کی اور ادارے کی خدمات کو سراہا۔ویٹی کن نے تاحال سرجری کے نتائج، ممکنہ پیچیدگیوں یا صحت یابی میں لگنے والے وقت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔