وزیراعظم سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

وزیراعظم سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، تزویراتی شراکت داری اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران مکہ دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون آگے بڑھانے کے لیے مرتب کردہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔