امریکا میں موجودگی کے دوران نیتن یاہو کو کسی صورت میں گرفتار ہونے نہیں دیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا میں موجودگی کے دوران نیتن یاہو کو کسی صورت میں گرفتار ہونے نہیں دیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو امریکا میں موجودگی کے دوران کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، جہاں ان کے مطابق بڑی تعداد میں مظاہرین ہلاک کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اصل ذمہ داری ان ایرانی رہنماؤں پر عائد ہوتی ہے جو خونریزی اور تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ٹرمپ کا یہ بیان نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نیتن یاہو کے نیویارک دورے کے موقع پر ان کی ممکنہ گرفتاری کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ظہران ممدانی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر کسی رہنما پر جنگی جرائم کے الزامات ہوں تو انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ نیتن یاہو کے خلاف عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اقدامات کیے گئے ہیں اور وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آ سکتے ہیں۔

نیویارک میئر نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں ابھی واضح نہیں کہ شہر کی پولیس کو کسی غیر ملکی رہنما کی گرفتاری کے لیے براہ راست احکامات دینے کا قانونی اختیار حاصل ہے یا نہیں۔دوسری جانب ٹرمپ نے نیتن یاہو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں قیام کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور انہیں کسی کارروائی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل، ایران اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر سیاسی اور سفارتی بحث جاری ہے۔