ایران کو سخت وارننگ: "جوابی کارروائی کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کا بھرپور دفاع کریں گے" : صدر ڈونلڈ ٹرمپ

 ایران کو سخت وارننگ:

ویب ڈیسک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت اور واضح وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں کوئی عسکری اقدام اٹھایا، تو امریکا نہ صرف اپنے مفادات بلکہ اسرائیل کا بھی مکمل دفاع کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا:"ایران کو کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ ہم مشرق وسطیٰ میں امن کے خواہاں ضرور ہیں، مگر اگر ہمارے مفادات یا اتحادیوں کو خطرہ لاحق ہوا تو امریکا اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گا۔"انہوں نے مزید واضح کیا کہ:"امریکا خطے میں موجود اپنے اتحادیوں، خصوصاً اسرائیل کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا، اور ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کو کھلی جارحیت تصور کیا جائے گا۔"
 خطے میں کشیدگی عروج پر
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے حالیہ فضائی حملوں میں ایران کی فوجی تنصیبات، پاسداران انقلاب کے دفاتر، اور جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد ایران کی جانب سے شدید ردعمل اور جوابی کارروائی کے عندیے دیے جا رہے ہیں۔دوسری طرف امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے، اور لفظی جنگ تیزی سے ممکنہ فوجی تصادم میں تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔