بھارت نے ٹیرف لگائے اور امریکا میں کسی کو بتایا تک نہیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

بھارت نے ٹیرف لگائے اور امریکا میں کسی کو بتایا تک نہیں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بھارت نے برسوں تک امریکہ سے فائدہ اٹھایا ہے۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس وقت یہاں نااہل لوگ تھے جنہوں نے اس صورتحال کو نظر انداز کیا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت نے تجارتی ٹیرف عائد کیے، لیکن امریکہ میں کسی نے اس پر توجہ نہیں دی اور نہ ہی کسی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب جلد ہی واضح ہو جائے گا کہ ایران کے ساتھ کسی نہ کسی سطح پر معاہدہ طے پا رہا ہے۔ ایران سے متعلق بات کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ اگر کوئی معاہدہ نہ بھی ہو، تب بھی ایران افزودہ یورینیم حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے امریکی فوجیوں کو نقصان پہنچایا، تو یہ جنگ کی طرف واپسی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، مگر کہا کہ اگر معاہدہ ہو جائے، تو ملاقات ممکن ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ خلا سے ایران کے جوہری مقامات کی نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

 توانائی کے حوالے سے، انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں کوئلے کی صنعت کے لیے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، اور 14 کول پاور پلانٹس اور 42 کوئلہ کانوں کے تحفظ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور عوام کو اربوں ڈالر کا ریلیف ملے گا۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے 8 جنگیں روک دی ہیں اور مزید تنازعات کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ روس اور یوکرین کے درمیان امن کے لیے دونوں قیادت کی ملاقات ضروری قرار دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نیٹو پر مکمل انحصار نہیں کرتا کیونکہ امریکی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے۔مشرق وسطیٰ اور لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔