پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے مداحوں کو دیا گیا ایک مشورہ سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل حاصل کر رہا ہے، جہاں بعض صارفین نے ان کی تعریف کی جبکہ کئی نے ان کے بیان پر تنقید بھی کی۔
ہانیہ عامر، جو انسٹاگرام پر 20 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی مقبول ترین شوبز شخصیات میں شمار ہوتی ہیں، حال ہی میں ایک وائرل ویڈیو میں رکشے کی سواری بک کرتی دکھائی دیں۔ویڈیو میں ان کے دوست حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ اتنی بڑی اسٹار ہونے کے باوجود واقعی رکشے میں سفر کرنا چاہتی ہیں؟ اس پر ہانیہ عامر نے جواب دیا کہ "جو شاخ جھک جاتی ہے، اس پر زیادہ پھل لگتے ہیں، اسی طرح جو لوگ عاجزی اختیار کرتے ہیں اور اپنی جڑوں سے جڑے رہتے ہیں، وہ زندگی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔"یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ہانیہ عامر کی سادگی اور عاجزی کو سراہا، جبکہ متعدد افراد نے ان کے بیان میں استعمال کی گئی کہاوت پر اعتراض کیا۔
کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ معروف کہاوت دراصل "پھلوں سے لدی شاخ جھک جاتی ہے" ہے، اس لیے ہانیہ عامر نے اسے درست انداز میں بیان نہیں کیا۔ بعض دیگر صارفین نے ان کے اندازِ گفتگو اور طرزِ زندگی پر بھی تنقیدی تبصرے کیے۔تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے یہ تبصرے صارفین کی ذاتی آراء ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق ممکن نہیں۔ دوسری جانب ہانیہ عامر نے اس تنقید پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔