اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر چہ مگوئیاں اور قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر کو کراچی میں منعقد ہونے والے عاصم اظہر کے ایک کنسرٹ میں پہلی قطار میں بیٹھے دیکھا گیا، جس پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آئے۔ہانیہ کی موجودگی خاص طور پر اس لیے موضوعِ بحث بنی کہ عاصم اظہر نہ صرف ان کے سابق قریبی دوست ہیں بلکہ وہ اداکارہ و ماڈل میرب علی کے سابق منگیتر بھی ہیں۔ اس صورتحال کو مزید دلچسپ اس وقت بنا دیا جب میرب علی کے بھائی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رامس علی نے انسٹاگرام پر ایک ذو معنی جملہ پوسٹ کیا:"وقت کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ سب کچھ سامنے لے آتا ہے۔"یہ اسٹوری وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر دو قسم کے ردعمل دیکھنے میں آئے — کچھ صارفین نے اسے ایک عام فلسفیانہ جملہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے میرب علی کی منگنی ٹوٹنے اور ہانیہ–عاصم کی ممکنہ دوبارہ قربتوں سے جوڑتے ہوئے تبصرے کیے۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کا تعلق ماضی میں متعدد بار میڈیا کی سرخیوں میں رہا، تاہم 2020 میں دونوں نے راہیں جدا کر لی تھیں۔ بعد ازاں عاصم اظہر نے میرب علی سے منگنی کی، جو کچھ عرصہ قبل ختم ہو گئی۔حالیہ دنوں میں ہانیہ اور عاصم کے ایک ساتھ نظر آنے کے متعدد مواقع سامنے آئے ہیں، جن میں تقریبات اور دوستوں کے اجتماعات بھی شامل ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے رشتے کی نوعیت کے بارے میں بحث دوبارہ تیز ہو گئی ہے۔