ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شہری زخمی

چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ) چیچہ وطنی کے تھانہ غازی آباد کی حدود میں دکان میں ڈکیتی کی کوشش، پر شہری شدید زخمی، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ غازی آباد کی حدود اڈا غازی آباد، ترکھنی روڈ پر واقع کھٹانہ ٹریڈرز پر دو نامعلوم مسلح افراد نے ڈکیتی کی کوشش کی۔ مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان پر موجود ایک شخص الطاف زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان نقدی لیے بغیر ترکھنی روڈ کی جانب سے 20گیارہ ایل کی طرف فرار ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال ریفر کر دیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ غازی آباد پولیس اور سی سی ڈی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔