لاہور (خصوصی رپورٹ)سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ٹنل بورنگ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی پر مبنی اہم منصوبے بارے اجلاس کی صدارت کی۔ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت دھرمپورہ سے گلشن راوی تک 32 کلومیٹر سے زائد جدید سیوریج لائنیں ٹنل بورنگ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے بچھائی جائینگی جس سے شہر کے بڑے حصے کے سیوریج انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔سیکرٹری ہاو سنگ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے آغاز سے قبل تمام قانونی، تکنیکی اور انتظامی تقاضے مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر مرحلے میں عالمی معیار کی انجینئرنگ اور کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنایا جائے۔ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کی بدولت سطح زمین پر وسیع پیمانے پر کھدائی کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوگی اور بارشوں کے دوران بھی سیوریج لائنز کی تعمیر کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے گا۔ منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہونگے۔