خستہ حال سیوریج لائنز تبدیلی کے منصوبے تعطل کا شکار

لاہور میں خستہ حال سیوریج لائنز تبدیلی کے منصوبے تعطل کا شکار ،گزشتہ مالی سال 8بڑی سیوریج لائنز کی تبدیلی کا آغاز کیا گیاتاہم فنڈکی کمی پر آج بھی 7 اہم منصوبے ادھورے پڑے ہیں۔اربوں روپے مختص ہونے کے باوجود شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا۔ سیوریج لائنز تبدیلی کے منصوبے دعوئوں تک محدود رہ گئے۔ واسا نے پنجاب حکومت سے بارہا فنڈ فراہمی بارے درخواست کی جومنظور بھی ہوئے مگر مکمل جاری نہ ہو سکے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو ترجیح ملنے پرسیوریج لائنز منصوبے نظر انداز ہوتے رہے۔حاجی پارک راجگڑھ سے اسلامپورہ تک سیوریج لائن تبدیلی پر 28کروڑ85لاکھ 24ہزار روپے لاگت آنا تھی۔ لیا قت چوک سے سید پور سبزہ زار تک سیوریج سکیم پر22کروڑ27لاکھ81ہزار مختص ہوئے،مین مسلم روڈ اچھرہ کی لائنز پر 34کروڑ8لاکھ 46ہزار لاگت آنا تھی،یہ منصوبے شروع نہ ہو سکے۔ رحمت علی روڈ، ملت چوک، الممتاز روڈ ، ندیم شہید روڈ سمن آباد ،بکر منڈی سے بند روڈ، گنج بخش روڈ اور ملحقہ آبادیوں کی سیوریج لائنزاورپراچہ کالونی سے گجر چوک شاہدرہ تک سیوریج لائنز کے منصوبہ بھی ادھورے پڑے ہیں۔ زیرالتوامنصوبوں کی مجموعی لاگت 1ارب 36 کروڑ سے زائد بنتی ہے، فنڈ خرچ ہونے کے باوجود شہر کی سیوریج لائنز ٹوٹنے اور بیٹھنے کے خطرات موجود ہیں۔