گرینڈ آپریشن، 49 ملزم گرفتار

چھٹی کے روز شہر بھر میں ون ویلرز اور پتنگ باز دھر لیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ کا سنڈے سپیشل گرینڈ آپریشن، صوبائی دارالحکومت میں ڈولفن سکواڈ کا جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ و پتنگ بازی کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق چھٹی کے روز شہر کے مختلف علاقوں سے 49 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ، فیروزپور روڈ، دیگر علاقوں سے 37 ون ویلرز گرفتار ہوئے۔ پتنگ بازی میں ملوث 12 ملزمان کو ساندہ، ہربنس پورہ، لیاقت آباد و دیگر جگہوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے پتنگیں، ڈور برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کے لیے برآمدگی سمیت متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق پتنگ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے نہیں دیں گے۔ ڈولفن سکواڈ شہریوں کو حادثات و منچلوں کی ہلڑ بازی سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں پر موجود ہے۔