لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ڈولفن اسکواڈ نے اتوار کے روز جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے 72 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ اور فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں سے 60 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان شاہراؤں پر خطرناک کرتب اور اسٹنٹس کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث 12 ملزمان کو نواں کوٹ، شیراکوٹ، کاہنہ اور دیگر علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کر لی گئیں۔گرفتار ملزمان عمران، احتشام، خضر، علی اور دیگر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے نصیر آباد، کوٹ لکھپت، ہربنس پورہ اور کاہنہ کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔