ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو شدید طبیعت خرابی کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔
ان کے دفتر کے مطابق وزیر اعظم کو فوڈ پوائزننگ (خوراک سے زہر کا اثر) کا سامنا ہوا ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں تین دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔دفتر وزیر اعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو نے رات کے وقت طبیعت میں بگڑاؤ کی شکایت کی، جس پر ڈاکٹر ایلون ہرشکو نے ان کا گھر پر طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق، نیتن یاہو کو آنتوں کی سوزش ہوئی ہے، جو بظاہر خراب کھانے کے استعمال کا نتیجہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ نیتن یاہو کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ڈی ہائیڈریشن کے باعث IV فلوئڈز دیے جا رہے ہیں۔ تاہم، ڈاکٹروں نے انہیں گھر سے کام کرنے اور آرام کرنے کی ہدایت دی ہے۔دفتر کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو تین دن تک گھر سے ہی حکومتی امور انجام دیں گے اور ضروری سرکاری رابطے گھر سے ہی جاری رکھیں گے۔
نیتن یاہو کی طبی تاریخ:
75 سالہ نیتن یاہو گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی طبی مسائل سے دوچار رہ چکے ہیں، جن میں شامل ہیں:
دسمبر 2024: پروسٹیٹ کا آپریشن
مارچ 2024: ہرنیا کی سرجری
اسی سال: فلو کے باعث کئی دن آرام
جولائی 2023: دل کی عارضی بندش کے بعد پیس میکر کی تنصیب
اس سے قبل: ڈی ہائیڈریشن کے باعث اسپتال میں داخل
جنوری 2023 میں جاری کردہ سرکاری طبی رپورٹ میں نیتن یاہو کی صحت کو مکمل طور پر نارمل قرار دیا گیا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں ان کی صحت کے مسائل میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔