حساس تنصیبات پر سکیورٹی مشقیں، موک ایکسرسائز کا انعقاد

ایلیٹ فورس، ریسکیو و ضلعی پولیس نے مشترکہ آپریشن میں حصہ لیا
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی یو پنجاب پولیس کی جانب سے سکیورٹی ہائی الرٹ، حساس تنصیبات پر ایمرجنسی رسپانس کی عملی مشقیں کروائی جا رہی ہیں۔ ترجمان ایس پی یو کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات اور ڈی آئی جی منتظر مہدی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں ایس پی یو، ایلیٹ فورس، ضلعی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران دہشت گردی کی فرضی کارروائی کی صورت میں سکیورٹی اداروں نے مشترکہ ایمرجنسی رسپانس کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ ڈی آئی جی منتظر مہدی کے مطابق موک ایکسرسائز کا مقصد حساس اور ہائی پروفائل تنصیبات کے سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہے۔ اس طرح کی مشقیں سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتی ہیں۔ موک ایکسرسائز کے انعقاد کا مقصد سکیورٹی اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن کو مضبوط بنانا ہے۔