موٹر سائیکل، رکشہ، سریا، اسلحہ و گولیاں پولیس نے برآمد کر لیں
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خاں کی ہدایت پر سٹریٹ کرائم میں ملوث گینگز کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ انچارج چوکی پنجاب سوسائٹی ستوکتلہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے چوری شدہ موٹر سائیکل، لوڈر رکشہ، سریا، ایک پسٹل 30 بور اور درجنوں گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل چوری، راہزنی، جھپٹا اور چوری کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔ ملزمان کا شہر میں ہونے والی متعدد وارداتوں میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان میں گینگ کا محمد ارشد اور محمد ذیشان شامل ہیں۔ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن میں حوالہ کر دیا گیا۔ ایس پی صدر نے انچارج چوکی قیصر گجر اور ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ ان کا کہنا ہے کہ سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے۔