افتخار قتل کیس حل، مرکزی ملزم ساتھی سمیت گرفتار

کاروباری تنازع پر قتل کر کے ملزم جائے واردات سے فرار ہو گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) بادامی باغ کے علاقہ میں شہری افتخار کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کرنے کا معمہ حل ہو گیا۔ مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی اس واردات کا نوٹس لیا تھا۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن فرحت عباس کی سربراہی میں ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ بادامی باغ علی رضا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق ملزمان نے کاروباری معاملات پر شہری افتخار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ ملزمان اس واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کروا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔