امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

 ملزم کو انٹرپول کی مدد سے پکڑا گیا، سی سی ڈی نے کیس کی تفتیش مانگ لی 
ڈی ایس پی 2اشتہاریوں کو پکڑنے گیا، وہاں موجودطیفی بھی ہتھے چڑھ گیا 
لاہور ( کرائم رپورٹر)ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کے نامزد مرکزی اشتہاری ملزم طیفی بٹ کو انٹرپول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کرلیا گیا،وقوعہ کے بعدسے ملزم خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ مفرور اشتہاری تھا، مرکزی ملزم کو دبئی سے پاکستان منتقل کرنے پر کام شروع کر دیا گیا۔ادھر سی سی ڈی نے لاہور پولیس سے امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش مانگ لی ۔تفصیلات کے مطابق امیر بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا تھا ،اس کی گرفتاری کے لئے پنجاب پولیس نے گزشتہ سال وزارت داخلہ سے رابطہ کیا،وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد طیفی بٹ کے ریڈ وارنٹ حاصل کرکے گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے بالاج ٹیپو قتل کیس میں دو روز قبل جے آئی ٹی نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو قصور وار قرار دیتے ہوئیکہا کہ گوگی بٹ نے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اس سلسلے میں مرکزی ملزم طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔ گوگی بٹ عبوری ضمانت پر ہے جبکہ طیفی بٹ کو گزشتہ روز گرفتارکر لیا گیا، اسے قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد جلد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔گوگی بٹ ٹیپو خاندان کے تمام سابقہ قتل کیسز میں بھی نامزد ملزم رہا ہے۔ جے آئی ٹی آئندہ پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت خارج کروانے کی استدعا کرے گی۔یاد رہے ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کوٹھوکر نیاز بیگ کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھااور تھانہ چوہنگ پولیس نے طیفی بٹ اور گوگی بٹ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا تھا ، مرکزی ملزم احسن شاہ مبینہ مقابلہ میں ہلاک ہو چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ کی گرفتاری کیس میں ایک بڑی پیشرفت ہے ، امیر بالاج کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔دوسری طرف کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے باقاعدہ مراسلے کے ذریعے بالاج قتل کیس کی تفتیش سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ سے مانگ لی ہے جبکہ سی سی ڈی کی ٹیمیں دبئی سے طیفی بٹ کو لاہور لانے کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔ بالاج قتل کیس کی تفتیش اس وقت لاہور پولیس کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی کر رہی ہے۔ادھرطیفی بٹ کی دبئی سے گرفتاری کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق طیفی بٹ دبئی میں ایک دعوت کے دوران ڈرامائی انداز میں گرفتار ہوا۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کا ڈی ایس پی خالد وریا دبئی میں گوجرانوالہ کے دو اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے موجود تھا، دبئی پولیس کے ساتھ خالد وریا نے ایک فلیٹ میں کارروائی کی تو اسی فلیٹ میں طیفی بٹ بھی دعوت میں موجود تھا۔ڈی ایس پی خالد وریا نے طیفی بٹ کو پہچان کر اس کی بھی گرفتاری کا عمل شروع کر دیا۔طیفی بٹ ابھی دبئی پولیس کی حراست میں ہے۔طیفی بٹ کی گرفتاری کیلئے لاہور پولیس کی جانب سے ریڈ وارنٹ بھی جاری کروائے گئے ہیں، ریڈ وارنٹ کا عمل مکمل ہونے پر لاہور ائیرپورٹ لایا جائے گا۔جبکہ لندن کا ویزا ختم ہونے پر طیفی بٹ دبئی آیا تھا جہاں سے وہ پکڑا گیا۔